بیجنگ :مارشل آرٹس کے ذریعے دوستی کا پیغام دینے والے انسان نما روبوٹس، چلنے پھرنے میں مدد دینے والے ایکسو اسکیلیٹن روبوٹک آلات، اور ترجمے و تصاویر بنانے کی صلاحیت رکھنے والے اے آئی چشمے، اس وقت جاری 140ویں چائنا امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ فیئر، جسے کینٹن فیئر بھی کہا جاتا ہے، میں نئی معیاری پیداواری قوتوں کی نمائندگی کرنے والی جدید مصنوعات بڑی تعداد میں پیش کی جا رہی ہیں، جنہیں بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی جانب سے مثبت توجہ مل رہی ہے۔رواں سال چین کے "پندرہویں پانچ سالہ منصوبے” کا پہلا سال ہے اور کینٹن فیئر کے آغاز کو بھی 70 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران اس نمائش کا رقبہ پہلی نمائش کے 9 ہزار 600 مربع میٹر سے بڑھ کر اب 15 لاکھ 50 ہزار مربع میٹر ہو چکا ہے، جبکہ خریداروں کی تعداد ابتدائی 1200 سے بڑھ کر رواں سال 3 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ آج یہ چین میں منعقد ہونے والی سب سے قدیم، سب سے بڑی اور سب سے زیادہ تجارتی لین دین والی بین الاقوامی تجارتی نمائش بن چکی ہے اور دنیا بھر میں چین کی نمبر ون نمائش” کے نام سے معروف ہے۔جیسا کہ چین کے صدر شی جن پھنگ نے موجودہ کینٹن فیئر کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ گزشتہ 70 برسوں کے دوران کینٹن فیئر نے چین اور بیرونی دنیا کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے اور یہ چین کے اعلیٰ معیار کے کھلے پن کو وسعت دینے اور کھلی عالمی معیشت کی تعمیر کو آگے بڑھانے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم بن چکا ہے۔دنیا بھر کی کمپنیوں کے لیے کینٹن فیئر حقیقی تجارتی مواقع کی علامت ہے۔ گزشتہ 70 برسوں میں اس نمائش نے عالمی تاجروں کو مختلف اقسام کی مصنوعات پر مشتمل ایک جامع، مؤثر اور سہل تجارتی پلیٹ فارم فراہم کیا ہے، جس کے ذریعے اب تک مجموعی طور پر 1.6 ٹریلین امریکی ڈالر کے تجارتی معاہدے طے پا چکے ہیں۔ چین ایک بڑے فروخت کنندہ اور بڑے خریدار کی حیثیت سے دنیا کے مختلف فریقوں کے لیے نہ صرف تجارتی مواقع پیدا کر رہا ہے بلکہ ہمسایہ ممالک کو فائدہ پہنچانے اور ان کی خوشحالی میں اضافے کے اثرات بھی پیدا کر رہا ہے۔